نئی دہلی،26؍ مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے ایک ایسا نیا میٹرو پلس ڈیبٹ کارڈ جاری کیا ہے جس سے مسافر میٹرو میں کرایہ کے علاوہ پارکنگ اور دیگر خدمات کے لئے اس کا استعمال کرسکیں گے۔اس ڈیبٹ کارڈ کو آج میٹر و کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر منگو سنگھ اور انڈس لینڈ بینک کے ایکزیکیوٹیو نائب صدر رتیش راج سکسینہ نے جاری کیا۔ انڈس لینڈ بینک کے صارفین میٹروسفر کے علاوہ دیگر کاموں کے لئے اس کا استعمال کرسکیں گے۔ڈاکٹر منگو سنگھ نے کہاکہ میٹرو کا مقصد مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور کیش لیس لین کو بڑھاوا دینا ہے اور یہ کارڈ اسی سمت میں اٹھایا گیاایک قدم ہے۔ ہم وقت وقت پر ایسے اقدامات کرتے رہے ہیں۔مسٹر سکسینہ نے کہاکہ دہلی کے لوگوں کیلئے خصوصی طورپر تیار اس کارڈ سے مسافر وں کو وقت وقت پر چھوٹ اور خصوصی آفر بھی ملیں گے اور انہیں ٹاپ اپ کرنے کی فکر نہیں کرنی پڑے گی۔ مسافر میٹرو کے لئے انڈس بنک کے کسی اے ٹی ایم سے اسے ریچارج کرسکیں گے۔